ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروارمچھلی مارکیٹ میں مچھلی فروش خواتین کی گروہ بندی۔ ٹھیکیدار نے لگادیا تالا

کاروارمچھلی مارکیٹ میں مچھلی فروش خواتین کی گروہ بندی۔ ٹھیکیدار نے لگادیا تالا

Wed, 10 Feb 2021 13:46:29    S.O. News Service

کاروار،11؍فروری (ایس او نیوز) نئی تعمیر شدہ مچھلی مارکیٹ میں اندر اور باہر مچھلی فروخت کرنے والی خواتین کے دو گروہوں میں جھگڑے سے تنگ آکر ٹھیکیدار نے مارکیٹ کے دروازے پر ہی تالا لگا دیا۔ 

یاد رہے کہ چار مہینے قبل ضلع انچارج وزیر شیو رام ہیبار نے  جدید انداز کی نوتعمیر شدہ مچھلی مارکیٹ کا افتتاح کیا تھا۔ اس مارکیٹ میں تقریباً 400خواتین مچھلیاں فروخت کر رہی تھیں۔ لیکن صرف 200خواتین کو ہی ٹوکن کے ذریعے مارکیٹ میں داخلہ دینے اور مچھلیاں فروخت کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا تو بقیہ 200کے قریب خواتین نے مارکیٹ کے باہر بیٹھ کر مچھلیاں بیچنا شروع کیا۔

اس سے مارکیٹ کے اندر مچھلیاں فروخت کرنے والی خواتین بھڑک گئیں کہ ٹھیکیدار کو فیس ادا کرکے مارکیٹ کے اندربیٹھنے کے بعد مارکیٹ  کے باہر بیٹھنے والی خواتین کی وجہ سے گاہک اندر نہیں آتے اور ان کی مچھلیاں فروخت نہیں ہوتی ہیں۔ اس لئے مارکیٹ کے باہر مچھلی بیچنے کی اجازت نہ دی جائے۔ اس کے جواب میں باہر مچھلی بیچنے والی خواتین نے سوال کھڑا کیا کہ ہمیں مارکیٹ کے اندر بھی جگہ نہیں دی جارہی ہے اور باہر بھی اجازت نہیں دی جائے گی تو پھر ہم مچھلیاں لے کر کہاں جائیں؟ اپنی روزی روٹی کا کیا کریں؟

اس مسئلے پر مچھلی فروش خواتین کے دو گروہوں میں آپسی تکرار اور جھگڑا تیز ہوگیا تو ماہی گیروں کی انجمن کی طرف سے ٹھیکیداری کرنے والے ذمہ دار نے مچھلی مارکیٹ کو کچھ دیر کے لئے تالا لگادیا۔ اور مارکیٹ کے باہر صفائی ستھرائی کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے باہری احاطے میں  کسی بھی قیمت پر مچھلیاں فروخت کرنے کی اجازت نہ دینے کی بات کہی۔ لیکن خواتین یہ بات ماننے کے لئے تیار نہیں ہوئیں۔

بعد میں میونسپالٹی کے افسران نے اس معاملے میں مداخلت کرتے ہوئے ٹھیکیدارکو مارکیٹ کا تالا کھولنے پر آمادہ کرلیا اور مچھلی فروشی کا کاروبار پھر سے بحال ہوگیا۔


Share: